Ghazal-karwan chala Gaya-Pak Tea House Jang

روز نامہ جنگ کے ادبی صفحہ پاک ٹی ہاؤس پر ۳ مارچ ۲۰۲۱ کو شائع ہوئی۔

ناقہ و محمل گئے وہ سارباں چلا گیا
چھوڑ کر ہم کو اکیلا کارواں چلا گیا


پرسشِ احوال کو اک بول میٹھا سا کہا
کیا بتائیں کتنا آگے تک گماں چلا گیا


مہر و الفت کی ذرا جو بات ہم نے چھیڑ دی
روٹھ کر ہم سے ہمارا مہرباں چلا گیا


دلبرانِ شہر کی محفل کو سونا کر گیا
اٹھ کے محفل سے وہ شاہِ دلبراں چلا گیا


تشنہ لب ہی لوٹ کر ہم مے کدے سے آگئے
اپنی باری آئی تو پیرِ مغاں چلا گیا


تھا عمل تنویم کا یا حسن کی جادوگری
دل ہمارے ہاتھ سے اے دوستاں چلا گیا


سامنے محفل میں روئے جانِ جاناں آ گیا
نا خطابت ہو سکی زورِ بیاں چلا گیا


ابتلا محنت مشقت اور پھر یومِ حساب
آیا تھا روتا ہوا گریہ کناں چلا گیا


بندگی میں زندگی جو نا گذاری مظہریؔ
زندگی کا یہ سفر تو رائیگاں چلا گیا

کلامِ شاعر بہ زبانِ شاعر

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top